لاہور: وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال کیمپ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس، کنڈیشننگ اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ انہیں مستقبل کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے بھرپور انداز میں تیار کیا جا سکے۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے بتایا کہ وائٹ بال کیمپ کا آغاز 15 جون کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا تھا، جس میں وائٹ بال کرکٹ کے ماہر اور مستقبل کیلئے منتخب کھلاڑی شریک ہیں۔ ان کے مطابق کیمپ میں تقریباً 27 سے 28 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
محرم الحرام میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، طلال چوہدری
انہوں نے کہا کہ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران میڈیکل ٹیسٹنگ اور فٹنس اسیسمنٹس پر خصوصی توجہ دی گئی، جس کے ذریعے کھلاڑیوں کی موجودہ جسمانی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے فٹنس پروگرام کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس تقریباً تین ماہ کا وقت موجود ہے، جس دوران کنڈیشننگ اور فٹنس کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جاوید مغل نے میڈیکل اسکریننگ اور کنڈیشننگ کے اعلیٰ معیار مقرر کیے ہیں جن پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کھلاڑیوں کیلئے تربیتی شیڈول کافی سخت ہے، تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے فٹ اور مضبوط ہونا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق ہر کھلاڑی کیلئے انفرادی کارکردگی پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت تکنیکی، حکمتِ عملی، طبی اور جسمانی کنڈیشننگ کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ ہر کیمپ کا آغاز کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، کنڈیشننگ اور میڈیکل ٹیموں کے مشترکہ اجلاس سے ہوتا ہے، جہاں ہر کھلاڑی کیلئے واضح اہداف اور توجہ کے نکات طے کیے جاتے ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ انڈر 19 کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا خوش آئند تجربہ ہے۔ ان کے مطابق سمیر منہاس اور فرحان یوسف سے ملاقات ہوئی جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران علی رضا اور عبدالسبحان کے ساتھ بھی کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اس معیار سے روشناس کرانا ضروری ہے جس تک انہیں مستقبل میں پہنچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشین گیمز کے سکواڈ پر مؤثر انداز میں کام کرنے کیلئے مناسب وقت دستیاب ہے اور یہ سکواڈ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج ثابت ہو سکتا ہے۔ مائیک ہیسن کے مطابق آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری ٹیم کی اولین ترجیح ہے۔