پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور کریانہ شاپس پر بھی رات 9 بجے بندش لازمی ہوگی۔
بانی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست: پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کا حکم
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تقریباتی مقامات رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے، سینما اور فوڈ پوائنٹس رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ تاہم ریسٹورنٹس کی ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پھل، سبزی، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس اور اسپتال اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اسی طرح بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس کو بھی بندش کے اوقات سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پٹرول پمپس اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے جبکہ جم، اسپورٹس کلب اور پیڈل کورٹس بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز پر بھی یہ اوقات کار لاگو نہیں ہوں گے۔
نئے اوقات کار کا اطلاق ہفتے کے ساتوں دن، بشمول ہفتہ اور اتوار، پورے صوبے میں ہوگا۔