شہباز کی قیادت، ڈار کی معاونت اور فیلڈ مارشل کے تاریخی کردار سے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو رہی ہے: نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، اسحاق ڈار کی معاونت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کے باعث پاکستانی سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مسلم لیگ ن سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، اور پارٹی نے وہاں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 60 ارب روپے سے زائد لاگت سے بننے والی سڑک نے فاصلے کم کیے، اور علاقے میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے عوام کا حق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر شعبے اور ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کیا ہے، جبکہ وفاق اور پنجاب میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور دیگر صوبوں کو بھی اس کی پیروی کرنی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے خیبرپختونخوا میں کیا ہو رہا ہے، اور کیا وہاں عوام سکون کا سانس لے رہے ہیں؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ طویل عرصے سے برسر اقتدار جماعت نے کون سے فلاحی اقدامات کیے ہیں، اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے، اور 1998 کے بعد ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، اسحاق ڈار کی معاونت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کے باعث پاکستانی پاسپورٹ کی وقعت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا رہا ہے اور پاکستان کو عزت مل رہی ہے۔