
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین میں ستائیسویں ترمیم کی ضرورت نہیں کیونکہ ابھی چھببسویں ترمیم کو سمجھا جا رہا ہے، ملک اچھے انداز میں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی زبانی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، لیکن اگر بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، تاہم پاکستان امن کا خواہاں ہے اور ہمسایوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں اور ایران نے پاکستان کو اپنا سچا دوست قرار دیا ہے۔ انہوں نے میرپور ایئرپورٹ کی تجویز سیالکوٹ ایئرپورٹ کی طرز پر دی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ زمین خریدنے میں تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ زمینوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کا عمل اور پاسپورٹ نظام کو مربوط بنانا خوش آئند ہے۔ اس سے پہلے اسحاق ڈار نے برطانوی انڈر سیکرٹری ہمیش فالکنر سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



