پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا شیڈول فائنل کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اس بار ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ اور فرنچائز مالکان کے درمیان ہونے والے حالیہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل 11 کا انعقاد 2026 کے اپریل اور مئی میں متوقع ہے، کیونکہ فروری اور مارچ میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول ہے۔ یہ تیسرا موقع ہوگا جب پی ایس ایل آئی پی ایل کے ساتھ متصادم شیڈول میں کھیلا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کے وینیوز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
پی ایس ایل میں اس بار دو نئی ٹیموں کی شمولیت متوقع ہے، جس کے بعد مجموعی ٹیموں کی تعداد 8 ہو جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل مینجمنٹ نے نئی فرنچائزز خریدنے کے خواہشمند افراد سے رابطہ بھی کیا ہے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست دلچسپی سامنے آئی ہے۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے باعث دسمبر اور جنوری میں مختص کی گئی ونڈو کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں بعض فرنچائزز کی جانب سے گزشتہ سیزن میں پچز کے غیر معیاری ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس مسئلے کے حل کے لیے پچز کے معیار کو بہتر بنانے اور فرنچائزز کی مالی حیثیت کے آڈٹ کے لیے جلد ہی ایک مستند فرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فی الوقت لیگ میں چھ ٹیمیں شامل ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے نہ صرف لیگ کی مسابقت میں اضافہ ہوگا بلکہ شائقین کو بھی مزید دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔