بہت زیادہ مقبول وہ پھل جسے کھانا آپ کو مچھروں کا پسندیدہ شکار بنا دیتا ہے
مچھروں کو دنیا کے مہلک ترین جانداروں میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ ان کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں سے ہر سال لاکھوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ تاہم روزمرہ زندگی میں ان سے مکمل طور پر بچنا آسان نہیں ہوتا۔
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں مقبول ایک عام پھل، یعنی کیلا، انسان کو مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش بنا سکتا ہے۔ امریکی ادارے National Institutes of Health کی تحقیق کے مطابق کیلا کھانے والے افراد مچھروں کی توجہ زیادہ حاصل کرتے ہیں۔ اسی طرح انگور کا استعمال بھی مچھروں کے لیے کشش بڑھا سکتا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، چار اہم بلز کی منظوری
ماہرین کے مطابق مچھر اپنے شکار کا انتخاب کئی عوامل کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ حاملہ خواتین اکثر مچھروں کا زیادہ شکار بنتی ہیں کیونکہ حمل کے دوران جسم سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج نسبتاً زیادہ ہوتا ہے، جسے مچھر آسانی سے محسوس کر لیتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مچھر پہلے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور انسانی جسم کی بو کو محسوس کرتے ہیں، پھر رنگوں کی مدد سے اپنے ہدف کی شناخت کرتے ہیں۔
مچھروں کو سرخ اور نارنجی رنگ خاص طور پر پسند ہیں، جبکہ سیاہ رنگ کے کپڑے پہننے والے افراد بھی ان کے لیے زیادہ پرکشش ہوتے ہیں کیونکہ سیاہ رنگ حرارت جذب کرتا ہے۔
اس کے برعکس نیلا، سبز، سفید اور بنفشی رنگ مچھروں کو نسبتاً کم پسند ہوتے ہیں۔ ان رنگوں کے کپڑے کسی حد تک مچھروں کی توجہ کم کر سکتے ہیں، اگرچہ یہ مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کے لیے ہلکے رنگ کے کپڑے پہننا، جسم کو ڈھانپ کر رکھنا اور مچھر بھگانے والی مصنوعات کا استعمال زیادہ مؤثر حکمتِ عملی ہے۔