پاکستان فٹبال ٹیم نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 1-0 سے ہرا کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنا لی۔

ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کا بال پر قبضہ زیادہ رہا، لیکن پاکستان نے شاندار دفاعی کھیل پیش کیا اور میزبان ٹیم کے سارے حملے ناکام بنا دیے۔
میچ کے 86ویں منٹ میں عبدالصمد نے حریف دفاع کو چکمہ دے کر بائیں پاؤں سے شاندار گول کیا اور پاکستان کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔
آخری لمحات میں بنگلا دیش نے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی بھی ہوئی اور بنگلا دیشی کھلاڑی بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے الجھتے رہے، لیکن پاکستان نے اعصاب پر قابو رکھا اور 1-0 سے میچ جیت لیا۔
نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان اب پہلی بار ساف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک فتح دور ہے۔ فائنل 17 نومبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔



