امریکا میں فضائی سفر کا بحران آج ہفتے کے روز بھی برقرار رہا۔ فضائی حدود کھلنے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ایئرلائنز اپنا معمول کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہیں۔

ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت امریکا کے بڑے ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے منتظر رہے۔
یوٹیوبر رابعہ فیصل کی شوبز انڈسٹری میں انٹری، پہلے ڈرامے کی جھلک سامنے آگئی
فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 7 ہزار 542 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ منسوخ اور تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں کی یہ تعداد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی صبح کی پیش گوئی سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے آج کے لیے طے شدہ 41 ہزار پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار پروازوں کی منسوخی کا اندازہ لگایا تھا۔ دنیا بھر میں آج 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ 19 ہزار 927 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جن میں بڑی تعداد امریکی پروازوں سے منسلک ہے۔
فضائی آپریشن کے بحران پر امریکی وزیر ٹرانسپورٹ کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا
بڑی فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز نے بھی اپنے طے شدہ شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کر دیں۔ ایئرلائنز نے متاثرہ مسافروں کو بغیر کسی اضافی فیس کے دوسری تاریخوں پر سفر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرپورٹس میں شکاگو کا اوہیئر ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے ایئرپورٹ پر 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر، جو ڈیلٹا ایئرلائنز کا ایک بڑا مرکز ہے، دوپہر ساڑھے 12 بجے تک 479 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔
امریکا میں شدید متاثر ہونے والا فضائی آپریشن بحال ہونا شروع
ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں۔ متعدد مسافروں نے رات ایئرپورٹ پر گزاری، جبکہ سب سے زیادہ مشکلات ان مسافروں کو پیش آئیں جنہوں نے ڈیلاس سے آگے اپنی منزلوں کے لیے دوسری پروازیں لینا تھیں۔
ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ پر شام تک 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہابی ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ملک کی فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم مسافروں کو مزید پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایئرلائنز کو طیاروں اور عملے کو دوبارہ مقررہ ایئرپورٹس تک پہنچانے اور متاثرہ مسافروں کی دوبارہ بکنگ کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک ایئرلائنز اپنا مکمل پروازوں کا شیڈول بحال کر لیں گی۔



