قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل اور قبائلی عمائدین کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کے مشکور ہیں اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام گزشتہ 13 سال سے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، تاہم خیبرپختونخوا میں لوگوں نے سکھ کا سانس لیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
خاتون کی نازیباویڈیوسوشل میڈیاپراپ لوڈکرنےکا الزام ، معروف ٹک ٹاکر گرفتار
وزیراعظم شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین نے ہمیشہ کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر صوبے میں حالات بہتر ہوتے تو شاید ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی، کیونکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں کے لیے 160 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر اور چیف سیکرٹری کو اسلام آباد بلا کر ہدایت کی گئی کہ انہیں جتنی گندم درکار ہو، فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ پولیس کی تربیت، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیف سٹی منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور وفاقی و صوبائی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور کرپشن عروج پر ہے، جس کے باعث عوام کو ملنے والے وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق صوبے میں پینے کے پانی سے متعلق 100 ارب روپے کا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جبکہ کوہستان اسکینڈل میں 37 ارب روپے کی کرپشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے کے وسائل لوٹے گئے، تاہم اب عوام کی ایک ایک پائی ان تک پہنچائی جائے گی۔



