پاکستان نے کاوا سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپیئن شپ جیت لی، فائنل میں بنگلہ دیش کو 3-0 سے شکست
پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاوا سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر ایونٹ ناقابلِ شکست رہتے ہوئے جیت لیا۔
قومی ٹیم نے پہلا سیٹ 25-20، دوسرا سیٹ 25-16 اور تیسرا سیٹ بھی 25-20 سے اپنے نام کیا، یوں پاکستان نے فائنل 3-0 سے جیت کر چیمپیئن شپ کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ اختتامی تقریب میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ شائقین نے قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر بھرپور داد دی۔