بھارت کے مایہ ناز کامیڈین کپل شرما نے اپنے نیٹ فلکس کے شو میں پاکستان کے عظیم مزاحیہ اداکار امان اللہ خان (مرحوم) کی یادگار بات مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
کپل شرما نے اپنے کیریئر کا آغاز اسٹینڈ اپ مقابلوں سے کیا تھا اور حال ہی میں انہوں نے کامیڈینز کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں امان اللہ خان کی یادیں تازہ کیں۔
بھارتی کامیڈین نے بتایا کہ ایک بار لیجنڈری امان اللہ خان نے ان سے کہا تھا کہ مقابلہ عام طور پر ہیروز اور ہیروئنز کے درمیان ہوتا ہے، ہم کامیڈین تو ایک نیک کام کر رہے ہیں، ہم لوگوں کے چہروں پر ہنسی لا رہے ہیں، ہمارے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہوتا۔
کپل شرما کے مطابق امان اللہ خان کا ماننا تھا کہ ممکن ہے کسی کی بات پر زیادہ ہنسی آئے اور کسی پر کم، لیکن دن کے اختتام پر ہمارا مقصد انسانیت میں خوشیاں بانٹنا ہے جو کہ ایک بہت ہی اعلیٰ مقصد ہے۔
واضح رہے کہ امان اللہ خان جنوبی ایشیا میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کا ایک بڑا نام سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ٹیلی ویژن اور اسٹیج پر ہزاروں شوز کیے اور بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔