پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں گزشتہ روز انتہائی اہمیت کا حامل تھا، جب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سطح پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزرا نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکریٹری نے صوبے کی مجموعی صورتحال اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

پشاور میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اجلاس کے دوران صوبے کو درپیش مختلف مسائل، گندم کے معاملے اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرکاری افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں کے معاملات میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
کوئی سیاسی جماعت جو خلوص کے ساتھ فورسز کے ساتھ کھڑی نہیں ہوتی وہ مائنس ہوجائےگی: رانا ثنا اللہ
گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں شہدا کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ایک مضبوط، ترقی کرتا اور نکھرتا ہوا خیبرپختونخوا بنانا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کیا۔
سرکاری ملازمین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو ملازم گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کرے گا، اسے اپنے سرکاری فرائض بھی انجام دینا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جن افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے، انہیں تنخواہ دینے کے ساتھ ان سے کام لینا بھی ضروری ہے تاکہ سرکاری امور مؤثر انداز میں انجام دیے جاسکیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے شہر میں ٹریفک اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں تقریباً ایک لاکھ رکشے موجود ہیں، تاہم رجسٹرڈ رکشوں کی تعداد صرف 30 ہزار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں تجاوزات کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



