لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستوں پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے راول شہزاد سمیت دیگر افراد کی درخواستوں پر سماعت کی، جس کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل عرفان کلار ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ راشد، جاوید اقبال سمیت پی ٹی آئی کے دیگر کارکنوں کو نظر بند کیا گیا تھا، تاہم نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
ایچ آئی وی سے متاثرہ157 بچوں کی ماؤں کو ماہانہ 40 ہزار روپے امداد دینےکا عمل شروع
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور شیخوپورہ نے کارکنوں کی نظر بندی کے حوالے سے نئے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی وجہ کے بغیر مسلسل نظر بند رکھنا غیر آئینی ہے۔
عرفان کلار ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔
درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی۔



