گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا گورنر راج کیلئے مشاورت کا انکشاف
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے مشاورت ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ، حکومت کا سیاسی راستہ بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہیں سب سے کم ہیں، پولیس کو مراعات نہیں دی جاتیں اور اسے اپنے تابع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ نے بھی پولیس کے ساتھ ایسا ہی کرنے کی کوشش کی تھی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس بنانا چاہتی ہے اور آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کی تقرریاں بھی خود کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ایکٹ کے خلاف ہم دیوار بنیں گے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے لیے مشاورت بھی ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ کیا لانگ مارچ ایسے ہوتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز اسلام آباد میں گپیں مار رہے ہیں، لانگ مارچ کے حوالے سے تحریک انصاف کی کوئی تیاری نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں اور خود گرفتاریاں دے رہے ہیں۔