وزیراعظم کی گوتریس سے ملاقات، یو این سیکرٹری جنرل عالمی امن کیلئے پاکستان کے کردار اور خدمات کے معترف
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا ہے۔
نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ، حکومت کا سیاسی راستہ بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو بھی سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو آگاہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشتگردی میں تشویشناک اضافے پر بھی گفتگو کی۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو بھی سراہا۔