پمز ہسپتال کی ایمرجنسی میں جعلی ڈاکٹر بن کر موجود نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم مظہر منظور پر شک گزرنے کے بعد ہسپتال عملے نے اس سے پوچھ گچھ کی تو اس کی جعلی شناخت سامنے آگئی۔
تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے سٹیتھوسکوپ اور جعلی میڈیکل آفیسر کی مہر برآمد ہوئی۔ پمز انتظامیہ نے ملزم کو تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے حوالے کردیا، جہاں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔ تفتیشی حکام یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ملزم کب سے ہسپتال آ رہا تھا، جعلی ڈاکٹر بننے کا مقصد کیا تھا اور آیا اس نے کسی مریض یا طبی عملے سے رابطہ کیا یا نہیں۔