وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مسافروں سے بھی امیگریشن میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔
مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگے، جس پر محسن نقوی نے مسافروں کے لیے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن کا عمل تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے۔
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام، ڈاکٹر معید یوسف کی طلبہ کیساتھ خصوصی نشست
وزیر داخلہ نے کہا کہ مزید کاؤنٹرز کھولنے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
ایک مسافر کی جانب سے ایجنٹ پر رقم لینے کی شکایت پر محسن نقوی نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور ایجنٹ کی گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں، تاہم مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔