پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے قبل کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے جہلم کے تین پُلوں کو بند کرنے کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اب تک 80 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور 60 کارکنان کو تھری ایم پی او کے تحت ڈسٹرکٹ جیل میں بند کردیا گیا ہے۔
جہلم کے نیا پُل پر بڑی تعداد میں کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں اس کے علاوہ مٹی سے بھرے تھیلے بھی لائے جارہے ہیں تاکہ کنٹینرز کے اندر رکھے جاسکے۔
کنٹینر کے عملے کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے ہمیں روکا ہوا ہے ہمارا کروڑوں کے سامان کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، ہمیں یہاں رہنے اور کھانے پینے میں بھی دشواری پیش آرہی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں اکثریت کی تعداد میں ارکان نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔