پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزمہ کو سیالکوٹ سے گرفتار کرلیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کیا تھا اور وہ شوٹر کی دوست بتائی جاتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اس سے قبل بھی کئی افراد کو ہنی ٹریپ کرچکی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی ساتھی خاتون نے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور سے رابطہ کیا۔ واردات کے روز کلینک پہنچنے کے بعد ڈرائیور اور ملزمہ کے درمیان ویڈیو کال ہوئی، جس کے ذریعے ملزمان نے عبداللہ طاہر کی کلینک میں موجودگی کی تصدیق کی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتول کی ریکی کے لیے ملزمان نے ڈرون کیمرے کا بھی استعمال کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طاہر کو چند روز قبل لاہور میں قتل کردیا گیا تھا۔