پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں، تاہم آل راؤنڈر نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔
خوشدل شاہ نے کہا کہ یہ جعلی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ پاکستان کرکٹ چھوڑ رہے ہیں، جو بالکل غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور ملک کی نمائندگی ہمیشہ ان کی اولین ترجیح اور سب سے بڑا اعزاز رہی ہے۔
آل راؤنڈر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ سے ان کی وابستگی میں نہ کبھی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی آئے گی۔