سپریم کورٹ کی پبلک فیسیلیٹیشن اینڈ لائزون آفیسر شمائلہ ناز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عوامی سہولت مرکز کی تمام خدمات سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں، جس کے باعث سائلین گھر بیٹھے مختلف عدالتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 سے اب تک تقریباً 58 ہزار سائلین کو پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے خدمات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ سائلین کی مزید رہنمائی اور معاونت کے لیے ایک کال سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس طریقہ کار متعارف، نوٹیفکیشن جاری
شمائلہ ناز کے مطابق عوامی سہولت مرکز میں مقدمات کی تفصیلات معلوم کرنے، نئے مقدمات کے اندراج، عدالتی احکامات کی نقول حاصل کرنے اور دیگر عدالتی خدمات کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں قانونی معاونت کا فیچر بھی شامل کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ابتدائی قانونی رہنمائی باآسانی دستیاب ہو سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ڈیجیٹل سہولیات میں جلد آٹو فکسیشن فیچر بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ آٹو فکسیشن پالیسی کے نفاذ سے مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے عمل میں انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی، جس سے شفافیت، تیز رفتاری اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔