سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں بس ڈیپوز کے لیے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں اور 500 الیکٹرک بسیں شامل کی جا رہی ہیں، جنہیں جلد عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لایا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں بس ڈیپوز کے لیے موزوں اراضی کی نشاندہی کا عمل فوری مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں بس ڈیپوز کے لیے سرکاری زمین کی نشاندہی کریں تاکہ منصوبوں پر بروقت پیش رفت ممکن ہو سکے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت جدید، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ان منصوبوں کی کامیابی کے لیے مناسب انفرااسٹرکچر اور آپریشنل سہولیات کی بروقت دستیابی ضروری ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون سے زمین کی فراہمی اور دیگر انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔