پاکستان نے منگولیا میں منعقدہ اے آر اے فیسٹیول ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت کر عالمی سطح پر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ماس ریسلر اسامہ بٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس اور میزبان ملک منگولیا کے عالمی معیار کے حریفوں کا مقابلہ کیا اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کامیابی پر انہیں 2 ہزار امریکی ڈالر کا انعام بھی دیا گیا۔
پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے صدر نواب فرقان خان نے اسامہ بٹ کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماس ریسلرز دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور مستقبل میں مزید عالمی اعزازات جیت سکتے ہیں۔
نواب فرقان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، کھلاڑیوں کی تربیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسامہ بٹ کی کامیابی نہ صرف پاکستان میں ماس ریسلنگ کے فروغ کا ثبوت ہے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا مثال بھی ہے، جبکہ پاکستانی ماس ریسلرز ایشیا اور دنیا میں اپنی مضبوط شناخت بنا رہے ہیں۔