Gas Leakage Web ad 1

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ڈپٹی کمشنرز کو”سانجھی سبزی” پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت

0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سرکاری اراضی اور خالی جگہوں پر موسمی سبزیاں کاشت کرکے ضرورت مند افراد کو مفت فراہم کرنا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مظفرگڑھ میں اس منفرد منصوبے کا آغاز کیا گیا، جہاں شہری اور دیہی علاقوں میں سرکاری عمارتوں سے متصل خالی اراضی اور دیگر دستیاب جگہوں پر سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے تحت مظفرگڑھ میں 139 کنال اراضی پر 140 پلاٹس میں عوام کے لیے موسمی سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے۔

’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ کا آغاز مظفرگڑھ کے ایک مسیحی برادری کے گاؤں سے کیا گیا، جہاں شہریوں نے رضاکارانہ طور پر دوسروں کے لیے سبزیاں کاشت کرنا شروع کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں بھی ’’سانجھی سبزی‘‘ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی سی مظفرگڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف دیہات میں ایک مرلے سے ایک کنال تک سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے وہاں سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ جنگلات، تعلیم اور اسسٹنٹ کمشنر دفاتر سمیت دیگر سرکاری اداروں سے متصل خالی اراضی پر بھی سبزیاں اگائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی سی مظفرگڑھ کے اس عوامی فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں چیف منسٹر میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا، جبکہ منصوبے کو مزید جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.