یورپی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) اسکیم سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 میں پاکستان کی تقریباً 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس کے تحت دی جانے والی تجارتی رعایتوں کے لیے اہل رہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کو تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت حاصل ہوئی۔
یورپی کمیشن کے مطابق پاکستان نے یورپی تجارتی رعایتوں کے استعمال کی شرح 95.1 فیصد تک بڑھا لی، جبکہ 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد حصہ خریدا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل، ملبوسات، چمڑے کی مصنوعات، تیار خوراک اور دیگر شعبوں کی برآمدات نے جی ایس پی پلس سہولتوں سے نمایاں فائدہ اٹھایا۔
یورپی کمیشن کے مطابق پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی ہے اور یورپی یونین کے نگرانی کے نظام کے ساتھ مسلسل تعاون بھی جاری رکھا ہوا ہے۔