قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس نے اسرائیلی میڈیا میں نشر ہونے والی ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
قطری حکام کے مطابق یہ الزامات بے بنیاد ہیں اور ایسے عناصر کی جانب سے پھیلائے جا رہے ہیں جو قطر کو علاقائی تنازع میں الجھانا، اس کے ثالثی کے کردار کو نقصان پہنچانا اور خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ قطر نے تنازع کے آغاز سے ہی واضح موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف فوجی کارروائی کا حصہ نہیں بنا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
قطری میڈیا آفس نے مزید کہا کہ گمراہ کن اطلاعات قطر کی سفارتی کوششوں کو متاثر نہیں کر سکتیں۔ قطر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے تنازع کے خاتمے اور تمام فریقین کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور دیرپا حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔