(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)
آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم کو مزید فعال کرتے ہوئے پارٹی صدر میاں نواز شریف کے دورۂ آزاد کشمیر کا شیڈول طے کر لیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف 21 جولائی کو مظفرآباد جبکہ 24 جولائی کو میرپور میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔
انتخابی مہم کے انتظامات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے رہنما مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، جن میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، ایم پی اے اسامہ لغاری اور الیکشن رابطہ سیل کے سینئر رکن راجہ نادر امتیاز شامل ہیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مرکزی رہنماؤں کا استقبال کیا، جہاں انتخابی جلسوں اور مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، جلسوں کے شیڈول، امیدواروں سے رابطوں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز ثاقب مجید راجہ، نورین عارف اور عبدالرحمان آرائیں بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف دورۂ آزاد کشمیر کے دوران امیدواروں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر انتخابات میں بھرپور مہم چلانے اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔