**لاہور ایئرپورٹ پر جعلی کینیڈین ویزے پر سفر کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ**
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی کینیڈین ویزے کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کینیڈا جانے والے مسافر اکرم علی کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران روک دیا گیا، جہاں اس کے پاسپورٹ پر لگا کینیڈین وزٹ ویزا جعلی ثابت ہوا۔ جس کے بعد مسافر کو فوری طور پر سفر سے روک دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران مسافر نے بتایا کہ اسے یہ جعلی ویزا ایجنٹ عابد علی نے فراہم کیا تھا۔ مسافر کے مطابق کینیڈا بھیجنے کے لیے ایجنٹ سے 98 لاکھ روپے میں معاہدہ طے پایا تھا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ مسافر ایجنٹ کو 40 لاکھ 40 ہزار روپے پہلے ہی ادا کر چکا تھا، جبکہ باقی 57 لاکھ 60 ہزار روپے اور دو ضمانتی چیکس ضامن کے پاس رکھے گئے تھے، جو کینیڈا پہنچنے کے بعد ادا کیے جانے تھے۔
حکام کے مطابق مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ جعلی ویزا فراہم کرنے والے ایجنٹ کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔