لاہور میں غیر ملکی خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی کے کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے، جہاں اغوا کاروں کی گاڑی سے تصادم کا شکار ہونے والی گاڑی کے مالک نے مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور عثمان کی مدعیت میں درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے بھٹہ چوک جا رہا تھا کہ ائیرپورٹ روڈ پر ایک گاڑی نے اس کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی کو تقریباً 3 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا جبکہ دوسری گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
مقدمے کے مطابق عثمان کی جانب سے ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دینے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی۔ حادثے کے بعد غیر ملکی خواتین گاڑی سے اتر کر ایک قریبی دکان میں پناہ لینے میں کامیاب ہو گئیں۔
دوسری جانب فیصل کامران نے بتایا کہ غیر ملکی خواتین کے اغوا کے کیس میں اب تک 8 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے دہائیوں سے اسکول سے باہر ہیں، سول سروسز اکیڈمی کی رپورٹ میں انکشاف
انہوں نے کہا کہ اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اس کے مالک کی بھی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ ملزمان کا تعلق لاہور، سرگودھا اور دیگر علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق جس مکان پر پولیس نے چھاپہ مارا وہاں چند نوجوان کرائے پر رہائش پذیر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ممکنہ طور پر ڈپٹی وزیراعظم کا رشتہ دار ہے، تاہم پولیس نے تصدیق کے لیے متعلقہ خاندان سے رابطہ کیا اور تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مریم نواز سے بھی رابطہ کیا گیا، جنہوں نے ہدایت دی کہ کیس کو مکمل میرٹ پر دیکھا جائے اور جو بھی قصوروار ثابت ہو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
فیصل کامران نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ غیر ملکی خواتین خود اغوا کاروں کے چنگل سے نکل کر فرار ہوئیں۔ ان کے مطابق خواتین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں پنجاب پولیس نے بازیاب کرایا۔
پولیس حکام کے مطابق ایک ملزم خواتین کو گاڑی میں ائیرپورٹ چھوڑنے جا رہا تھا کہ بھٹہ چوک کے قریب خواتین کی ملزم رضا ڈار کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی، جس کے نتیجے میں گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس موقع پر خواتین نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر ایک قریبی اسٹور میں پناہ لے لی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو ریسکیو کیا، جبکہ دو خواتین ایس پیز نے غیر ملکی خواتین کو طبی معائنے کے لیے آمادہ کیا۔



