اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2025-26 کے دوران تنخواہ دار طبقے نے اپنی آمدن پر تقریباً 633 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جو بااثر برآمد کنندگان، جائیداد کے بڑے کاروباری افراد اور ریٹیل شعبے سے مجموعی طور پر وصول کیے گئے ٹیکس سے بھی زیادہ ہے۔
ایف بی آر کے مطابق برآمد کنندگان سے 174 ارب روپے، رئیل اسٹیٹ فروخت کنندگان سے 191 ارب روپے جبکہ ریٹیلرز سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 70 ارب روپے وصول کیے گئے۔ نئے مالی سال میں تنخواہ دار طبقے اور برآمد کنندگان کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹیکس افسران اور شہریوں کے درمیان براہ راست رابطے کے خاتمے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے نئے مالی سال کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر کیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران 13 ہزار 10 ارب روپے کی وصولیاں کیں، جن میں تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والے بڑے طبقات میں شامل رہا، کیونکہ ان کا ٹیکس براہ راست تنخواہوں سے کاٹ کر قومی خزانے میں جمع کرایا جاتا ہے۔
کالام جھیل سانحہ: ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، ریٹائرڈ نیوی افسر کی بیٹی لاپتا
ایف بی آر کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق بک ایڈجسٹمنٹس سمیت تنخواہ دار طبقے نے مالی سال 2025-26 میں 633 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جبکہ مالی سال 2024-25 میں اسی مد میں 585 ارب روپے جمع کرائے گئے تھے۔
غیر ملکی زرمبادلہ کمانے والے برآمد کنندگان نے مالی سال 2025-26 میں 174 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ رقم 176 ارب روپے رہی تھی، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اس شعبے کی ٹیکس ادائیگی میں کوئی نمایاں فرق نہیں آیا۔
رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ٹیکس حکام انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعات 236-سی اور 236-کے کے تحت بالترتیب فروخت کنندگان اور خریداروں سے جائیداد کے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس وصول کرتے ہیں۔
انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 236-سی کے تحت ایف بی آر نے مالی سال 2025-26 کے دوران 191 ارب روپے وصول کیے، جبکہ مالی سال 2024-25 کی اسی مدت میں یہ رقم 118 ارب روپے تھی۔
اسی طرح دفعہ 236-کے کے تحت ایف بی آر نے مالی سال 2025-26 میں 87 ارب روپے وصول کیے، جبکہ مالی سال 2024-25 کی اسی مدت میں یہ وصولیاں 120 ارب روپے رہی تھیں۔
ریٹیل شعبے کی جانب سے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعات 236-جی اور 236-ایچ کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں مالی سال 2025-26 کے دوران تقریباً 70 ارب روپے جمع کرائے گئے۔