عراق نے پاکستانی زائرین کے لیے نئی اور سخت ویزا شرائط نافذ کر دی ہیں۔ وزارتِ داخلہ اور عراقی حکام نے زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کو نئے قوانین پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عراقی حکومت کے مطابق فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے کسی بھی شخص کو عراق میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق میں داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
امن کیلئے پاکستان کی انتھک کوششیں اسکے اقدار کی عکاس ہیں، ایرانی صدر
نئی پالیسی کے تحت عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ زیارات کے لیے جاری ہونے والا عراقی ویزا صرف 30 دن تک مؤثر رہے گا۔
عراقی حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا مسترد ہونے یا ائیرپورٹ پر داخلے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔
نئے قواعد کے مطابق پاکستان سے آنے والے زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔
عراقی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ویزا کی مقررہ مدت سے زائد قیام کرنے والے زائرین کو بھاری جرمانوں، ملک بدری اور عراق میں تاحیات داخلے پر پابندی جیسے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔