خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کو گرانٹ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ملاقات سے مشروط کر دی۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کا کہنا تھا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوتی ہم کٹوتی نہیں کرنے دیں گے، 7 مہینوں سے بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات نہیں ہوئی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ای سی میٹنگ میں ہم نے وفاق کو گرانٹس دینے کی کوئی کمٹمنٹ نہیں کی تھی، جو بھی گفتگو ہوئی وہ این ای سی سے میٹنگ سے پہلے ہوئی تھی۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر وفاق کو پیسے دینا مشکل ہے، یہ ہمارے بس میں نہیں، پچھلے سال آئی ایم ایف کے میمورینڈم پر بھی بانی سے ملاقات اور اجازت کے بعد ہی دستخط کیے گئے تھے۔
دوسری جانب پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما اور مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ این ای سی کی میٹنگ میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ تمام صوبے اسٹریٹجک مقاصد کے لیے وفاق کو پیسے دینے پر راضی ہیں، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی موجود تھے۔