ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم ملک میں انشورنس کے شعبے میں اصلاحات لانے اور اس کی کوریج کو وسعت دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
بینک کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد کسانوں، خواتین اور کم آمدن والے خاندانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشی جھٹکوں اور قدرتی آفات کے اثرات سے بہتر طور پر محفوظ رہ سکیں۔ اے ڈی بی نے نشاندہی کی ہے کہ پاکستان میں انشورنس کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جو عالمی معیار کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔
خیبرپختونخوا کا 19 جون کو مکمل سالانہ بجٹ پیش کرنےکا فیصلہ
بینک کے مطابق نئی اصلاحات کے ذریعے انشورنس مارکیٹ کو جدید اور زیادہ مسابقتی نظام میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے قدرتی آفات اور معاشی بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انشورنس خدمات کو عام کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے، جبکہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جدید انشورنس ماڈلز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات بھی متعارف کرائی جائیں گی تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ پروگرام کے تحت آفات کے بعد حکومتی مالی بوجھ میں کمی آئے گی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
اس منصوبے کے ذریعے طویل مدتی بچتوں کو انفراسٹرکچر اور بانڈ مارکیٹ میں استعمال کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ نجی پنشن اسکیموں اور سالانہ پنشن نظام کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ بینک کے مطابق ایک مضبوط انشورنس نظام پاکستان کی مجموعی مالی پائیداری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔