اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے خصوصی موبائل ایپ "محفوظ محرم” تیار کر لی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری کسی بھی مشتبہ شخص، مشکوک سرگرمی یا سیکیورٹی کے نامکمل انتظامات کی فوری اطلاع حکام کو دے سکیں گے۔
محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ نے کی، جس میں انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور اہلکاروں کے کھانے پینے سمیت تمام بنیادی سہولیات بروقت اور معیاری طور پر فراہم کی جائیں۔
موٹروے پولیس نے 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات مالک تک پہنچا دیے
وزیر داخلہ نے علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے، جبکہ اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
اجلاس میں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ امن کمیٹیاں اور نگہبان کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ علما، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے اور نگرانی کے لیے ڈرونز سمیت جدید ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جائے گا۔ شہریوں کو لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔