کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے مقدمات میں اسے کتنا ریلیف ملا اور کن افسران کی مبینہ مداخلت شامل رہی، اس حوالے سے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
منشیات اسمگلر انمول عرف پنکی کے خلاف انویسٹی گیشن پولیس نے جامع تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو لاہور کے تمام تھانوں میں گزشتہ 10 سال کا ریکارڈ چیک کرے گی۔
سینیٹ نے مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے دی
ذرائع کے مطابق اب تک لاہور میں انمول عرف پنکی کے خلاف چار مقدمات سامنے آ چکے ہیں، جو کوٹ لکھپت، اقبال ٹاؤن، لیاقت آباد اور وحدت کالونی تھانوں میں درج ہیں۔ تاہم ان مقدمات میں نامزد ہونے کے باوجود اس کا کسی بھی کیس میں باقاعدہ کریمنل ریکارڈ تیار نہیں کیا گیا۔
ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ کسی ایک مقدمے میں بھی پنکی کا چالان نہیں کیا گیا اور چاروں کیسز میں اس کی گرفتاری بھی مؤخر رکھی گئی۔ کمیٹی اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ اسے کیوں گرفتار نہیں کیا گیا اور کن پولیس افسران کی مبینہ ملی بھگت شامل رہی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مبینہ طور پر پنکی کو بچانے میں ملوث افسران کے خلاف کریمنل کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔