منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف اسلحہ برآمد ہونے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں خاتون کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوئی، تاہم ملزمہ برآمد ہونے والے اسلحے کا لائسنس پیش نہ کرسکی۔
نور خان ایئر بیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں: دفتر خارجہ
واضح رہے کہ پنکی کو گارڈن میں واقع ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، اور خبر منظر عام پر آنے کے بعد مالک مکان نے فلیٹ خالی کرنے کا مطالبہ کردیا۔
منشیات کیس میں گرفتار ملزمہ کی گرفتاری سے قبل پولیس کو چیلنج کرنے سے متعلق مبینہ آڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
فلیٹ میں رہائش پذیر خاندان کا کہنا ہے کہ جس فلیٹ کا پتہ مقدمے میں درج کیا گیا ہے، وہاں وہ گزشتہ 8 برس سے کرائے پر مقیم ہیں، لیکن وہ انمول عرف پنکی کو نہیں جانتے۔
متعلقہ خاندان نے سوال اٹھایا کہ پولیس نے ہمارے گھر کا پتہ ایف آئی آر میں کیسے شامل کیا؟ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی غفلت کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث خاتون کو گرفتار کیا تھا۔
کراچی میں کوکین اور دیگر منشیات کی مبینہ ڈیلر انمول عرف پنکی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ اس نے اپنا نیٹ ورک منظم انداز میں قائم کیا تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے قبضے سے پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق 10 مقدمات میں مطلوب اور مفرور ملزمہ شہر میں منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کے نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمہ آن لائن منشیات کی سپلائی مخصوص رائیڈرز کے ذریعے کرتی تھی، جبکہ اس مقصد کے لیے خواتین رائیڈرز کو بھی استعمال کیا جاتا تھا۔