راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہے، اس لیے ان کی جلد رہائی اور بہتر علاج کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ سرجری کے بعد بشریٰ بی بی کی اپنے اہلِ خانہ سے ملاقات ہوئی ہے، تاہم مکمل صحتیابی تک انہیں ہسپتال منتقل کیا جانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپنے اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقات بھی کروائی جائے۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں اور پارٹی ان کے فیصلوں کی پیروی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اچکزئی کو کسی قسم کے تحفظات یا ناراضگی ہے تو اسے دور کیا جائے گا، جبکہ مردان جلسے میں ان کی عدم شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ ان کی سہیل آفریدی سے ملاقات ہوئی ہے، تاہم اس ملاقات کی تفصیلات فی الحال سامنے نہیں لائی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق وہ ہر منگل کو اڈیالہ جیل جاتے ہیں۔
بین الاقوامی اور ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں قابل تعریف ہیں اور صرف ملک کے مخالفین ہی ان سے ناخوش ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر اہم شخصیات کی پاکستان آمد سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور عالمی سطح پر مزید عزت حاصل کرے۔