لاہور: پنجاب اسمبلی میں شہباز شریف، سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی قرارداد جمع کرائی گئی۔
مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے یہ قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیش کی۔
وزیراعظم سے فیلڈ مارشل کی ملاقات، کشیدگی میں کمی پر اظہار اطمینان
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی مؤثر سفارت کاری کو سراہتا ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی راہ ہموار ہوئی۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن گئی تھی اور یہ تنازع کسی بھی وقت بڑے عالمی بحران میں تبدیل ہو سکتا تھا۔ ایوان نے ان تینوں رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کو جنگ بندی کے قیام میں کلیدی قرار دیا۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان نے ایک امن پسند ریاست کے طور پر عالمی برادری میں مثبت، متوازن اور تعمیری کردار ادا کیا، اور ایوان متفقہ طور پر مطالبہ کرتا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا جائے۔