پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کا جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت راولپنڈی پولیس نے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے مطابق سیکیورٹی کے لیے 5500 سے زائد پولیس افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ 367 سے زائد ٹریفک اہلکار شہریوں کی آمدورفت کو منظم رکھنے کے فرائض انجام دیں گے۔ سینئر افسران سیکیورٹی فورس کی نگرانی اور بریفنگ کے لیے خود فیلڈ میں موجود رہیں گے، جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات ہوں گے۔
ایک ٹریلین ڈالر کے پے پیکیج کی منظوری نہ ہوئی تو ٹیسلا چھوڑ دوں گا، ایلون مسک کی دھمکی
سی پی او نے بتایا کہ مانیٹرنگ کے لیے ایک الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ اسٹیڈیم کے اردگرد تھانوں کی موبائل گاڑیاں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ گشت کرتی رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر واضح ہدایات کے بورڈ نصب کیے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ میچ پرامن ماحول میں مکمل ہوسکے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔