جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور مشہور بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز بھارتی کرکٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما پر ہونے والی تنقید کے خلاف بول پڑے۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو ’لال بیگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔
کراچی میں ای چالان کا آغاز؛ صرف 6 گھنٹے میں ایک کروڑ روپے کے جرمانے
اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے فیس بک لائیو سیشن کے دوران کہا کہ وہ نہیں سمجھ پاتے کہ یہ لوگ کون ہیں جو جیسے ہی کسی بیٹر کے کیریئر کا اختتام قریب آتا ہے، لال بیگوں کی طرح اپنے سوراخوں سے باہر نکل آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تجربہ کار کھلاڑیوں پر تنقید کرنا افسوسناک ہے جنہوں نے برسوں اپنے ملک کے لیے شاندار خدمات انجام دی ہیں، اب ان کی کامیابیوں کو سراہنے کا وقت ہے، نہ کہ ان پر تنقید کرنے کا۔
ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے کھلاڑی بھارتی کرکٹ کے ستون ہیں، ان کی کارکردگی خود بولتی ہے۔ ان کے مطابق، ایسے کھلاڑیوں کی قدر نہ کرنا ناانصافی ہے جنہوں نے اپنی ٹیم کو بے شمار فتوحات دلائیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں روہت شرما نے ایک نصف سنچری اور ایک شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ ویرات کوہلی ابتدائی دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود تیسرے میچ میں 74 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔