ٹرانسجینڈر بل واپس نہ لینے پر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان:سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرانسجینڈر بل واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
سراج الحق نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایکٹ پاس کیا ہے کہ جو چاہے اپنے آپ کو مرد یا عورت ظاہر کیا یہ قابل مذمت ہے، امریکہ میں بھی یہ قانون ہے جہاں خود 33 ریاستیں اس قانون کے خلاف ہیں اور اس میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم خواجہ سراؤں اور ان کے حقوق کے خلاف نہیں، حقیقی خواجہ سراﺅں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے زیادہ نہیں ہے، حکومت انہیں روزگار اور گھر دے ، سولہ، سترہ گریڈ کی ملازمت دے ہمیں کوئی اعتراض نہیں، لیکن حکمران مغربی ایجنڈے کو یہاں فروغ دینا چاہتے ہیں، مغربی ملک نے پاکستان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کے لئے فنڈز مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں کوئی بھی شخص مرضی سے خود کو مرد اور عورت ظاہر کرسکتا ہے، ہاکستان میں سرکاری ریکارڈ کے مطابق29 ہزار میں سے16 ہزار مردوں نے خود کو عورت ظاہر کیا، پی ڈی ایم میں شامل اسلامی جماعتیں اس بل کے خلاف آواز بلند کریں۔