اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے سرمایہ کاروں کے غیر متزلزل اعتماد اور حکومت کی دانشمندانہ معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا، "الحمدُللّہ، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، اور اس کامیابی کا تمام کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی بلندی اور تیزی سمیت ہر تاریخی کامیابی اور ریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ممکن ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ "پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں نہ صرف ملک نے استحکام حاصل کیا ہے بلکہ ترقی کی راہ پر بھی گامزن ہے۔”
مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ "سرمایہ کاروں کا اعتماد یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیز بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ثابت ہو رہی ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن نے اسٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ مؤثر پالیسیوں کے ذریعے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت اور ان کی معاشی ٹیم کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کو مزید مستحکم کیا ہے۔