اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 25۔2024کیلئے وفاقی بجٹ کل بدھ کو قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت میں اتحادی حکومت کایہ پہلا بجٹ ہے۔ وفاقی حکومت
اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر درپیش چیلنجز کے درمیان اپنا پہلا بجٹ پیش کررہی ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب بدھ کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مالیاتی انتظام کے علاوہ محصولات کومتحرک کرنے ، معاشی استحکام اور نمو کے لئے اقدامات، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ملک کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے عوام دوست پالیسیاں شامل ہوں گی۔