گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پنیالہ تحصیل کو عملی شکل دینے کے لیے وفاقی محکمے جلد اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر فعال کر دیا گیا ہے اور نادرا کے بعد پاسپورٹ دفتر بھی پنیالہ میں جلد قائم ہوگا، جس سے عوام براہ راست مستفید ہوں گے۔
رحیم یارخان میں کاشتکاروں نے گنے کے نرخوں میں اضافہ نہ ہونے پر فصل کو آگ لگا دی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ دفتر کے قیام سے شہریوں کو شہر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پھڑیالہ روڈ میگا پراجیکٹ وفاق کے ذریعے مکمل کیا جائے گا اور ڈی آئی خان ایئرپورٹ علاقے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چشمہ لفٹ کینال سمیت اہم منصوبے پیپلز پارٹی کے دور میں مکمل ہوں گے اور وفاقی سطح کے ترقیاتی منصوبے ڈی آئی خان کے لیے لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے دو سالہ دور میں ڈی آئی خان میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں ہو سکا، اور سابق وزیر اعلیٰ کے دور میں بھی ڈی آئی خان ترقی سے محروم رہا۔ انہوں نے اسے صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔
ان کا دعویٰ تھا کہ مربوط اضلاع کے 700 ارب روپے پر صوبائی حکومت نے "شب خون” مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں پیپلز پارٹی ہی اکثریت رکھتی ہے اور ترقیاتی منصوبے وہی لائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سی پیک روڈ پر سرگرمیاں تیز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اگلے دورے میں مزید افتتاحی منصوبے لے کر آئیں گے۔



