نئے فولڈ ایبل آئی فون کو آتے ہی بڑا جھٹکا، قیمت میں کمی
*ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون ایئر میں خرابی، صارفین نے آرڈرز منسوخ کر دیے، قیمت بھی گر گئی*

ایپل کے نئے فولڈ ایبل آئی فون ایئر میں خرابی کے بعد صارفین نے آرڈرز منسوخ کر دیے، چین میں فون کی قیمت بھی کم ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون ایئر کی چین میں فروخت شروع ہونے کے صرف تین روز بعد متعدد صارفین کی جانب سے آرڈرز منسوخ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ فون کی ری سیل قیمت میں بھی رواں ماہ کے آغاز کے مقابلے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
آئی فون ایئر کی پری آرڈر بکنگ 16 اکتوبر کو شروع ہوئی تھی اور ابتدائی کھیپ مختصر وقت میں فروخت ہو گئی تھی، تاہم اب بعض چینی ڈسٹری بیوٹرز کے پاس فون اسٹاک میں موجود ہے اور اسے مقررہ قیمت سے کم پر فروخت کیا جا رہا ہے۔
چین میں 256 جی بی ماڈل کی سرکاری قیمت 15 ہزار 999 یوآن مقرر ہے جو تقریباً 2 ہزار 399 امریکی ڈالر بنتی ہے اور اسے ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مختلف چینی پلیٹ فارمز کی سبسڈی اور اسٹور ڈسکاؤنٹس کے باعث بعض صارفین یہی ماڈل 15 ہزار 499 یوآن میں خرید رہے ہیں۔
کسٹمر سروس نمائندے نے بتایا کہ تھرڈ پارٹی پلیٹ فارمز اپنی سبسڈی یا دکانداروں کی رعایت کے ذریعے کم قیمت پیش کر سکتے ہیں، جبکہ ایپل کی اپنی ویب سائٹ پر قیمت مستحکم رہتی ہے۔ ان کے مطابق بعض ڈیلرز کے پاس اسٹاک زیادہ اور خریدار کم ہوں تو وہ قیمت کم کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب سیکنڈری مارکیٹ میں بھی قیمت نمایاں طور پر نیچے آ گئی ہے۔ چینی ای کامرس پلیٹ فارم پر 256 جی بی ماڈل کی تازہ ترین لین دین قیمت 16 ہزار 289 یوآن رپورٹ ہوئی جو سرکاری قیمت سے صرف 290 یوآن زیادہ ہے، جبکہ اکتوبر کے آغاز میں یہی ماڈل 26 ہزار 462 یوآن تک فروخت ہوا تھا۔



