اداکارہ نتاشا علی نے حالیہ مارننگ شو میں معاشرے کے ایک حساس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر شادی شدہ، طلاق یافتہ یا بیوہ خواتین کو اپنے ماں باپ کے گھر رہنے کا پورا حق حاصل ہے اور کسی بھابھی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ انہیں بوجھ سمجھے یا ان کے ساتھ نفرت آمیز رویہ اختیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی لڑکی نوکری نہیں کر سکتی یا اس کے پاس رہنے کی کوئی اور جگہ نہیں تو وہ کہاں جائے، کیا خودکشی کر لے؟ ایسے میں بھابھیوں کو چاہیے کہ وہ ان خواتین کی عزت کریں اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔ نتاشا علی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، کچھ صارفین ان سے مکمل اتفاق کرتے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ نندوں کو بھی بھابھیوں کے ساتھ سلیقے اور عزت سے پیش آنا چاہیے کیونکہ رشتے نبھانے کے لیے دونوں طرف سے رویہ بہتر ہونا ضروری ہے۔