گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نمائشی ہاکی میچ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی نیشنز کپ کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور طارق بگٹی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قومی کھیل کو بھرپور سپورٹ کریں گی اور خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ایس ایل کو بھی ایک سازش کے تحت ختم کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پاکستان کا واضح اور دوٹوک جواب دیکھا۔ سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جس طرح حملوں کا جواب دیا، وہ پوری قوم کی نمائندگی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومتی ٹیم مختلف ممالک کے دورے کر رہی ہے تاکہ پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ بھارت کو اپنے رافیل طیاروں پر گھمنڈ تھا، لیکن پاکستان نے ایسا جواب دیا کہ وہ کبھی نہیں بھولے گا۔
گورنر کے مطابق مسجدوں کے سولر پینلز پر ہونے والی کرپشن کے خلاف پرامن احتجاج کیا گیا، جس پر خیبرپختونخوا حکومت نے مظاہرین پر تشدد کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کے پی کے وزیر داخلہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی خود کہا کرتے تھے کہ کرپشن کے خلاف کھڑے ہونا چاہیے، لیکن آج وہ خود این آر او مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی میں چوہدری کون ہے، یہ کسی کو معلوم نہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ فیلڈ مارشل کی تقریب میں پی ٹی آئی واحد جماعت تھی جو شریک نہیں ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ کھیلوں کا علم نہیں رکھتے، انہیں فیڈریشن میں عہدے دینا مناسب نہیں۔ ہمیں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کرنا ہوں گے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سمت دی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں آدھے کھلاڑی خیبرپختونخوا سے ہیں، لیکن بدقسمتی سے صوبے میں ایک بھی ایسا گراؤنڈ نہیں جہاں بڑے میچز منعقد ہو سکیں۔