Gas Leakage Web ad 1

لاہور میں "ریڈ لائن پاکستان کانفرنس” کا انعقاد، بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف بھرپور مذمت

0

لاہور :پہلگام میں مبینہ فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت کی اشتعال انگیزی کے خلاف عوامی یوتھ موومنٹ اور پاک آرمڈ فورسز لورز فورم کے اشتراک سے لاہور پریس کلب میں "ریڈ لائن پاکستان کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

کانفرنس کی صدارت چیئرمین عوامی یوتھ موومنٹ چوہدری علی رضا نت نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں صدر پاک آرمڈ فورسز لورز فورم اعظم خان، وائس چیئرپرسن سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب جہاں آرا وٹو، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ، چئیرمین گلوبل لا کالج توقیر بٹر، اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما شامل تھے۔

اپنے خطاب میں چوہدری علی رضا نت نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کر کے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کی بھارتی جارحیت کا پاک فضائیہ نے مؤثر جواب دیا اور ابھی نندن کی گرفتاری دنیا کو یاد ہے، جس نے بھارت کو سفارتی سطح پر بھی شرمندہ کیا۔

اعظم خان نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کا دل پاک فوج کے ساتھ دھڑکتا ہے اور نوجوان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ اسد منظور بٹ نے کہا کہ نوجوان قیادت کا اس نعرے "ریڈ لائن پاکستان” پر متحد ہونا بھارت کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے۔

جہاں آرا وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی یکجہتی اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے عوامی یوتھ موومنٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ قومی سطح پر نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہی ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت یا سازش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور ملکی سلامتی کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.