بین الاقوامی اداروں نے گلگت بلتستان کو 2025 کا بہترین سیاحتی مقام قرار دے دیا

0

سیاحتی شعبے میں غیر معمولی پیشرفت، 25 ہزار غیر ملکی سیاحوں کی آمد

گلگت (27 اپریل 2025) – محکمہ سیاحت، کھیل و ثقافت گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، بین الاقوامی میڈیا ادارے CNN، BBC اور فنانشل ٹائمز نے گلگت بلتستان کو سال 2025 کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا ہے۔ اس عالمی سطح کی پذیرائی کو سیاحتی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران تقریباً 25,000 غیر ملکی سیاح گلگت بلتستان پہنچے، جو پاکستان کا رُخ کرنے والے تمام غیر ملکی سیاحوں کا تقریباً 50 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں سے صرف 2,300 سیاحوں سے مانٹنیرنگ اور ٹریکنگ رائلٹی فیس وصول کر کے پرمٹس جاری کیے گئے، جبکہ باقی 22 ہزار سیاح بغیر فیس اور پرمٹ کے مختلف علاقوں میں سیر و تفریح کرتے رہے۔

محکمہ سیاحت کے مطابق، اس وقت تقریباً 700 غیر ملکی سیاح مانٹنیرنگ اور ٹریکنگ ویزے کے منتظر ہیں۔ ویزہ حاصل کرنے کے بعد یہ سیاح گلگت بلتستان حکومت سے پرمٹس کے لیے رجوع کرتے ہیں، جنہیں معمول کے مطابق 2 سے 3 دن میں جاری کر دیا جاتا ہے۔ تاہم اس وقت صرف دو سیاحوں نے پرمٹ کے لیے باقاعدہ درخواست دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹور آپریٹر ایسوسی ایشن (PATO) نے حال ہی میں رائلٹی فیس میں اضافے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، جس پر چیف کورٹ گلگت بلتستان نے پرمٹس کے اجرا کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد فوری طور پر پرمٹس کی فراہمی دوبارہ شروع کی جائے گی۔

محکمہ سیاحت کے مطابق، نئے سیاحتی راستے اور مقامات بھی عوام کے لیے کھولے گئے ہیں، جن پر جانے کے لیے کسی قسم کے پرمٹ یا فیس کی ضرورت نہیں ہوگی، جو آنے والے دنوں میں سیاحت کو مزید فروغ دے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.