بلوچستان میں معاشی ترقی کے لئے نجی و عوامی شراکت داری ضروری،گورنر بلوچستان کا FPCCI اسٹریٹیجی سمٹ سے خطاب

0

 

کراچی (12 فروری 2025) – گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کراچی میں منعقدہ "بلوچستان اسٹریٹیجی سمٹ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے روز اول سے بلوچستان کے تاجروں، صنعتکاروں اور چھوٹے کاروباری افراد کے ساتھ قریبی تعلقات قائم رکھے ہیں اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ مائننگ سیکٹر کو وفاقی سطح پر انڈسٹری کا درجہ دیا جائے تاکہ اس شعبے کے تمام مسائل حل ہو سکیں۔

گورنر نے کہا کہ اگر ہم تاجر برادری کا ساتھ دیں تو بلوچستان کی معیشت کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں، نہ صرف ملک کے اندر بلکہ عالمی سطح پر بھی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضروری ہے کہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت بلوچستان کے دیگر اہم شعبوں جیسے تعلیم، صحت، زراعت اور معدنیات میں کاروباری سرگرمیاں بڑھائی جائیں۔

گورنر بلوچستان نے بلوچستان کے قدرتی وسائل اور معدنیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان وسائل کو صوبے اور ملک کے بہترین مفاد میں استعمال کیا جائے گا، لیکن اس کے لئے تاجر برادری کا اعتماد بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں وسیع اراضی موجود ہے اور موجودہ حکومت قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے۔ گورنر مندوخیل نے مزید کہا کہ بلوچستان کا روشن معاشی مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کس طرح اپنے قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہیں اور تاجر برادری کو اس میں شامل کرتے ہیں۔

اس موقع پر FPCCI کے صدر عاطف اکرام شیخ، یونائٹڈ بزنس گروپ کے پٹرن اینڈ چیف ایس ایم تنویر، سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاوالدین مری اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر مندوخیل نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے تجارتی اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے صوبے کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی اور بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو سکے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.